سورتکل، 30؍ نومبر (ایس او نیوز) سورتکل ٹول گیٹ پر غیر معینہ مدت تک کے لئے احتجاجی دھرنا دینے والی ہوراٹا سمیتی سے اعلان کیا ہے کہ یکم دسمبر سے سورتکل گیٹ پر ٹول وصولی بند ہونے کے ساتھ یہاں رات دن چلنے والا دھرنا کل شام میں ختم کیا جائے گا ۔ اور ہیجماڈی گیٹ پر ٹول فیس میں دوگنا اضافہ کیے جانے کے خلاف 2 دسمبر سے ہوراٹا سمیتی احتجاجی مظاہرہ شروع کرے گی ۔
28 اکتوبر سے دن رات احتجاجی دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہوراٹا سمیتی کے کنوینر منیر کاٹیپلّا نے بتایا کہ 2015 میں عارضی بنیاد پر سورتکل گیٹ پر ٹول وصولی شروع کی گئی تھی جس کے خلاف ہوراٹا سمیتی نے گزشتہ 6 سال سے مہم شروع جاری رکھی تھی ۔ اس کے لئے جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع کے سیکڑوں اداروں ، تنظیموں اور افراد نے ساتھ دیا ۔ اب حکومت نے سورتکل گیٹ بند کرنے کا فیصلہ دیا ہے اور یہ مسلسل عوامی جد وجہد کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سورتکل گیٹ بند کرنے کے پس منظر میں نویُگ ٹھیکیدار کمپنی کی طرف سے غیر قانونی سورتکل گیٹ کی ٹول فیس اب ہیجماڈی گیٹ پر وصول کی جائے گی ۔ یہ سراسر ناانصافی ہے ۔ یہ بی جے پی حکومت کی طرف سے دونوں اضلاع کے عوام کے ساتھ کیا گیا دھوکہ ہے ۔ جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع کے عوام کی اس بری حالت کے لئے ایم پی اور ایم ایل سے براہ راست ذمہ دار ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ ٹول گیٹ ہوراٹا سمیتی ہیجماڈی میں دوگنا ٹول وصول کرنے کی سخت مذمت کرتی ہے ۔ اس میں تخفیف کے لئے اور دوگنا ٹول وصول کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے 2 دسمبر کو ہیجماڈی میں اجتماعی دھرنا دیا جائے گا ۔